نوجوانوں کواے آئی، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،گورنر بلوچستان

33

کوئٹہ: گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل امریکہ کا کامیاب سرکاری دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔ دورہ امریکہ کے دوران گورنر بلوچستان نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر نیویارک میں یوتھ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے زیر اہتمام “یوتھ اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے عالمی سربراہی اجلاس سے خطاب کیا جہاں انہوں نے پاکستان بالخصوص بلوچستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں، مسائل اور مستقبل کے امکانات کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی اور معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں اور انہیں جدید علوم، ٹیکنالوجی اور ہنر کے مواقع فراہم کرکے ملک کے تعمیر و ترقی کے عمل میں بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ امریکہ کے دوران پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کی عالمی سطح پر نمائندگی ایک اہم کامیابی ہے۔
عالمی سطح پر نوجوانوں سے متعلق ہونے والی گفتگو میں بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز کو اجاگر کرنا اس بات کا اعتراف ہے کہ صوبے کے نوجوان بھی عالمی ترقی، ٹیکنالوجی اور جدت کے سفر میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے جوش و جذبے کے ساتھ جشن آزادی منانے کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں میل دور امریکہ میں آباد پاکستانیوں کے دل آج بھی وطن کی محبت سے سرشار ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مثبت تشخص کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ دورہ امریکہ کے دوران گورنر بلوچستان نے پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات کے مختلف وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور بلوچستان میں گورنر بلوچستان نے بین الاقوامی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور بلوچستان میں موجود منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کریں۔ دورہ امریکہ کے دوران ممتاز پاکستانی بزنس مین تنویر احمد اور میکسم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عذیر حسن بھی گورنر بلوچستان کے ہمراہ تھے۔ ان کی موجودگی میں مختلف کاروباری اور سرمایہ کاری حلقوں کے ساتھ روابط کو مزید مؤثر بنانے اور پاکستان و بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کیلئے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ امریکہ کا دورہ پاکستان اور بلوچستان کے نوجوانوں کی عالمی سطح پر نمائندگی، جدید ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے روابط کے قیام اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم کامیابی ثابت ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں