بلوچستان میں خشک سالی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی حکمت عملی ناگزیر ہے، جعفر مندوخیل

35

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کرنے کے انٹرنیشنل ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے صوبے کو اکثر زلزلوں، سیلابوں، خشک سالی اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا رہتا ہے جیسے ہی ایک آفت کا سلسلہ روکتا ہے تو دوسری آفت سر اٹھا لیتی ہے۔ ان قدرتی آفات کے باعث انسانی جانوں، بنیادی انفراسٹرکچر، زراعت، مالداری اور عوام کے معاشی وسائل کو شدید خطرات لاحق رہتے ہیں=لہذا قدرتی آفات سے نمٹنے کی خاطر مختص فنڈز کا درست اور شفاف استعمال، عملی کارکردگی کا قابلِ پیمائش ہونا اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا لازمی ہے۔ گورنر نے کہا کہ قدرتی آفات اور ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کی خاطر ایک جامع اور طویل المدتی حکمتِ عملی تشکیل دینا ناگزیر ہے۔ ضروری ہے کہ تمام متعلقہ ادارے قدرتی آفات سے قبل حفاظتی اقدامات، بروقت امدادی کارروائیوں اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کو یکساں اہمیت دیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ اگرچہ انسان نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کے کئی مراحل طے کیے ہیں پھر بھی قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکنا ابھی ممکن نہیں۔ جدید سائنٹفک ریسرچ، موسمیاتی پیش گوئی
، دانشمندانہ منصوبہ بندی اور جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے ان آفات کے نقصانات کو نمایاں حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔ ہمیں قدرتی آفات کو محض ہنگامی صورتحال کی بجائے ان سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کو حکومتی منصوبہ بندی کا لازمی حصہ بنانا ہوگا۔ بلوچستان میں زیر زمین پانی کی گرتی ہوئی سطح کی گمبھیر صورتحال اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنا، چھوٹے ڈیموں کی تعمیر، زیرِ زمین پانی کا پائیدار استعمال اور شجرکاری مہم کو وسعت دینا ہوگا۔ گورنر نے زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے صوبائی اور ضلعی سطح پر اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری کو یقینی بنائیں اور ریسکیو اداروں کی استعدادِ کار میں اضافہ کریں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں، متعلقہ اداروں، ماہرینِ ماحولیات اور مقامی آبادی کے باہمی تعاون سے ایک ایسا جامع نظام تشکیل دیا جا سکتا ہے جو بلوچستان کو قدرتی آفات کے حوالے سے محفوظ اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں