کوئٹہ:گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا ایک ایسا یادگار دن ہے جو وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے قوم کے غیرمتزلزل عزم، اتحاد اور قربانی کی یاد دلاتا ہے اور یہی دن ہماری قومی تاریخ میں بہادری کی ایک روشن مثال ہے۔ 1965 میں ہماری بہادر مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا جس شجاعت اور عزم مصمم کے ساتھ مقابلہ کیا وہ ہماری تاریخ کا قابلِ فخر باب ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ قومی اتحاد، ایمان، عزم اور حب الوطنی کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی سب سے بڑی قوت ہیں۔ یومِ دفاع محض ماضی کی ایک تاریخی جنگ کو یاد کرنے کا دن نہیں بلکہ یہ ہمیں اپنے قومی اتحاد، ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ آج ہم اپنی مسلح افواج، شہدائ، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے بےشمار قربانیاں دیں۔ موجودہ دور میں ملکی دفاع کا تصور صرف سرحدوں کے تحفظ تک محدود نہیں بلکہ قومی یکجہتی، معاشی استحکام، تعلیم، ترقی، امن اور مضبوط ادارے بھی قومی سلامتی کے اہم ستون ہیں۔ پاکستان کی سربلندی اور قومی وقار کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ہمیں شہداءکے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک مضبوط، پرامن، ترقی یافتہ اور متحد پاکستان کی تعمیر کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
6ستمبر قومی تاریخ میں بہادری کی روشن مثال ہے ،گورنر بلوچستان
48










