پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے،ترجمان

29

پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان جموں و کشمیر تنازع کے حقائق کو مسخ کرتا ہے، بھارت کے بے بنیاد الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر قبضے سے توجہ ہٹانا ہے۔

بیان کے مطابق بھارتی حکومت علاقائی اور عالمی امن و سلامتی خطرے میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے، بھارت پاکستانی عوام اور حکومت کے غیر متزلزل عزم کو کمزور نہ سمجھے، پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پوری قوم اور مسلح افواج نے اس عزم کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور داخلی عدم استحکام سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے، عالمی برادری بھارت کے مسلسل جارحانہ طرز عمل کا نوٹس لے۔

بیان کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی ضمانت سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ہے، اقوام متحدہ بھارت کو سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہ کرنے پر جوابدہ ٹھہرائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں