کوئٹہ: و زیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان نے عوام کو جدید، آسان اور شفاف سرکاری خدمات کی فراہمی کے ویژن کے تحت صوبے میں پہلی بار ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جو ڈیجیٹل گورننس کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس جدید نظام کے تحت ڈومیسائل اور لوکل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا پورا عمل ڈیجیٹل بنایا جا رہا ہے۔ نظام مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد بلوچستان کے شہری پاکستان بھر میں موجود نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مراکز، ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر اور Pak-ID پلیٹ فارم کے ذریعے گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ای-ڈومیسائل سسٹم کے نفاذ سے عوام کو غیر ضروری مشکلات، طویل انتظار اور روایتی دفتری پیچیدگیوں سے نجات ملے گی، جبکہ شفافیت میں اضافہ ہوگا
اور جعلی ڈومیسائل و لوکل سرٹیفکیٹس کے اجراء کی مؤثر روک تھام ممکن بنائی جا سکے گی انہوں نے کہا کہ یہ نظام شہریوں کے ڈیٹا کے تحفظ، درستگی اور آسان رسائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور مؤثر تصدیقی نظام بھی فراہم کرے گا، جس سے انتظامی امور مزید بہتر اور مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت صوبے میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے کر عوامی خدمات کو مزید مؤثر، شفاف اور شہریوں کی ضروریات سے ہم آہنگ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای-ڈومیسائل اور ای-لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم کا اجراء عوام دوست اصلاحات کے سفر میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو نہ صرف شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا بلکہ صوبے میں جدید طرزِ حکمرانی کو بھی فروغ دے گا میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان عوامی خدمت، شفافیت، احتساب اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا رہے گی تاکہ صوبے کے ہر شہری کو جدید، محفوظ اور معیاری سرکاری سہولیات ان کی دہلیز تک فراہم کی جا سکیں۔
بلوچستان میں پہلی بار ای ڈومیسائل اور ای لوکل سرٹیفکیٹ سسٹم کا آغاز، سرکاری خدمات ڈیجیٹل بنانے کا اقدام،جعلی سرٹیفکیٹس کی روک تھام ممکن ہوگی،وزیراعلیٰ
35













