ڈیرہ بگٹی:ضلع ڈیرہ بگٹی کے نواحی علاقے درینجن میں پیروزانی بگٹی قبیلے کی کوہلی شاخ سے تعلق رکھنے والے رشتہ داروں کے درمیان پرانے تنازعہ اور پانی کے مسئلے پر ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا ذرائع کے مطابق فریقین کے درمیان رشتہ داری کا ایک پرانا تنازع موجود تھا، تاہم گزشتہ روز اس وقت کشیدگی میں اضافہ ہوگیا جب ایک فریق نے ٹوبہ کے ایک چشمے سے ربڑ کا پائپ کھینچ کر پانی میدانی علاقے تک پہنچانے کا انتظام کیا۔ اس دوران دوسرے فریق نے انہیں مذکورہ مقام سے پانی لینے سے منع کیا جس پر دونوں جانب تلخ کلامی ہوئی ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح جب ایک فریق پانی بھرنے کے لیے پائپ اور تالاب کے مقام پر پہنچا تو دونوں گروپوں کے درمیان دوبارہ جھگڑا شروع ہوگیا جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں تبدیل ہوگیا۔
فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مراد ولد سوالی ادو ولد مراد روکا ولد سجا اور سائیڈو ولد روکا کے ناموں سے ہوئی ہے ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک جانب باپ بیٹا جبکہ دوسری جانب دو سگے بھائی شامل ہیں واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا اطلاع ملنے پر لیویز فورس اور مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق پیروزانی قبیلے کی کوہلی شاخ سے ہے جبکہ واقعے کے محرکات اور دیگر پہلوؤں کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
ڈیرہ بگٹی، رشتہ داروں کے درمیان تنازعہ پر مسلح تصادم، 4افراد جاں بحق
30













