وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گوادر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کو سننے آیا ہوں، حکومت عوامی مسائل کے حل اور مقامی آبادی کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازمتوں میں ضلعی تخصیص شدہ کوٹے پر مقامی افراد کی بھرتی یقینی بنائی جائے گی اور کسی کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی وزیراعلیٰ بلوچستان کی گوادر آمد پر انتظامی افسران نے ان کا استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان سے آل پارٹیز گوادر کے عہدیداران اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے ملاقات کی، جس میں گوادر کی مجموعی صورتحال، عوامی مسائل، بنیادی سہولیات، روزگار اور دیگر علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے گوادر کو درپیش مختلف مسائل پر اظہار خیال کرتے ہوئے بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع اور درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ و انٹرویوز مقامی سطح پر منعقد کرنے کا مطالبہ کیا وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سیاسی نمائندوں کے مطالبات کا جائزہ لیتے ہوئے گوادر سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں درجہ چہارم کی آسامیوں کے ٹیسٹ مقامی سطح پر منعقد کرنے کے احکامات جاری کیے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں ضلعی تخصیص شدہ کوٹے پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ مقامی نوجوانوں کو ان کا جائز حق مل سکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی مقامی امیدوار کا حق مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھرتیوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور ضلعی کوٹے کی پابندی یقینی بنائی جائے گی اس موقع پر وزیراعلیٰ نے محکمہ فشریز اور محکمہ جنگلات گوادر کی درجہ چہارم کی آسامیوں پر غیر مقامی افراد کی تعیناتی سے متعلق شکایات کا بھی نوٹس لیا اور چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کو معاملے کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تحقیقات شفاف انداز میں مکمل کرکے حقائق پر مبنی رپورٹ پیش کی جائے اور اگر کسی بھی سطح پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر بلوچستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے اور یہاں کی ترقی کے ثمرات سب سے پہلے مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی ترقی صرف بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کا نام نہیں بلکہ مقامی لوگوں کو بنیادی شہری سہولیات، روزگار، تعلیم، صحت، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی ترقی کا لازمی حصہ ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کی ترقی کے لیے ہر دور میں دعوے کیے گئے، اب گزشتہ 20 سال کا ریکارڈ دیکھا جائے گا کہ گوادر کی ترقی کے لیے کتنے وسائل خرچ کیے گئے اور ان وسائل کے استعمال سے عوام کی زندگیوں میں کتنا حقیقی فرق آیا انہوں نے کہا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کے اثرات اور عوام کو حاصل ہونے والے فوائد کا جائزہ لے گی تاکہ مستقبل کی منصوبہ بندی زمینی حقائق اور عوامی ضروریات کے مطابق کی جا سکے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت گوادر کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں، ضلعی انتظامیہ اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات اور جائز مطالبات کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر بلوچستان کی ترقی کا اہم مرکز ہے، تاہم پائیدار ترقی اسی وقت ممکن ہے جب مقامی آبادی خود کو ترقی کے عمل کا حصہ سمجھے اور اسے اپنے بنیادی حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گوادر کے عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور سرکاری وسائل کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے ملاقات میں گوادر سے منتخب رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج ، رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن، صوبائی وزراء میر ضیاء لانگو، سردار فیصل خان جمالی، قبائلی و سیاسی رہنماء میر ساجد دشتی، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ سمیت دیگر متعلقہ انتظامی افسران بھی موجود تھے See less
گوادر بلوچستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے ، ترقی کے ثمرات سب سے پہلے مقامی آبادی تک پہنچنے چاہئیں،وزیراعلیٰ بلوچستان
37












