دہشت گردوں نے انسانیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر کی سرانان میں مزدوروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت

35

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع پشین کے علاقے سرانان بازار میں سڑک کی تعمیر میں مصروف مزدوروں پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر معصوم پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا، دہشت گردوں نے انسانیت کی تمام حدیں پار کردی ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محنت کش مزدور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے اور ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کام کر رہے تھے، انہیں نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔ معصوم شہریوں اور محنت کش پاکستانیوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد سمجھ لیں کہ معصوم پاکستانیوں کی شہادت ہمارے عزم کو کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط کرتی ہے۔ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوام کے تحفظ کے لیے ریاستی ادارے پوری قوت کے ساتھ دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گے
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بلوچستان میں معصوم شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے شہید مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل جبکہ زخمی مزدور کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔دریں اثناء گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ضلع پشین کے علاقے سرانان میں نہتے مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اپنی محنت سے تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ اکثر مزدور اپنے خاندان کے واحد کفیل ہوتے ہیں اس لیے کسی مزدور کے جاں بحق ہونے سے پورا خاندان شدید مشکلات کا شکار ہو جاتا ہے۔ گورنر مندوخیل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں