بلوچستان میں تشدد کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والا ایک محدود طبقہ بلوچ عوام کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیل رہا ہے، سرفرازبگٹی

24

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے آئندہ سال مئی میں کوئٹہ میں ”بیان المرصوص“ کے عنوان سے عالمی سطح کی خطاطی نمائش کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نمائش میں اسلامی دنیا، ترکی اور دیگر ممالک کے معروف خطاط اور فنکار شرکت کریں گے، جبکہ حکومت بلوچستان اس عالمی ایونٹ کو اسپانسر کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ”رسولِ رحمت“ خطاطی نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 14 اگست اور اگست کے مہینے میں اس نوعیت کی تقریب کا انعقاد بذاتِ خود پورے پاکستان کے لیے ایک پیغام ہے کہ بلوچستان میں عالمی معیار کے ایسے پروگرام منعقد کرنے کی صلاحیت اور عزم موجود ہے انہوں نے کہا کہ وہ خطاط واصل شاہد سے آئندہ سال مئی میں عالمی سطح کی خطاطی کی ایک بڑی نمائش منعقد کرنے کی درخواست کر چکے ہیں جس کے لیے حکومت بلوچستان بھرپور تعاون کرے گی اور سرینا ہوٹلز کو ہی میزبانی کے لیے منتخب کیا جائے گا
کیونکہ اس سلسلے میں پہلا قدم سرینا نے اٹھایا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عالمی خطاطی نمائش میں اسلامی دنیا، ترکی اور دیگر ممالک کے نامور فنکاروں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ کوئٹہ سے دنیا بھر کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ کوئٹہ کے لوگ فنونِ لطیفہ سے محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں اور انہیں بالخصوص اسلامی خطاطی سے گہری وابستگی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عالمی خطاطی نمائش کے انعقاد کے لیے ابھی سے انتظامات شروع کیے جائیں اور اسے دو یا تین روزہ بڑے عالمی ایونٹ کی شکل دی جائے تاکہ دنیا بھر سے فنکار کوئٹہ آ کر اپنے فن کا مظاہرہ کر سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ سال مئی میں منعقد ہونے والی اس نمائش کا موضوع ”بیان المرصوص“ ہوگا اور اسے 9 اور 10 مئی کو منعقد کیا جائے گا، کیونکہ یہ وہ دن ہیں جب پاکستان نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بھی بلوچستان میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا، جبکہ اس سال ”معرکہ حق“ کی تقریبات میں خطاطی کو بھی شامل کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کی عالمی سطح پر عزت اور وقار میں اضافہ ہو رہا ہے اور حالیہ دنوں میں اسلامی دنیا، ترکی،
سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون بھی اسی بدلتی ہوئی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تعاون کسی جارحیت کے لیے نہیں بلکہ اپنے دفاع کے لیے ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں تشدد کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرنے والا ایک محدود طبقہ بلوچ عوام کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیل رہا ہے، جس کا نقصان کسی اور کو نہیں بلکہ خود بلوچ عوام کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پل اور انفراسٹرکچر تباہ کرنے سے بلوچ عوام ہی متاثر ہوں گے، جبکہ تجارت روکنے اور تاجروں کے ٹرکوں کو نقصان پہنچانے سے بھی عام لوگوں کا روزگار متاثر ہوتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فتحِ مبین کے سفر کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی اور قوم نے جس جذبے اور اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ فخر ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عالمی حیثیت میں بہتری کے مثبت اثرات بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں بھی نمایاں طور پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے خطاط واصل شاہد اور سرینا ہوٹلز کی انتظامیہ کا تقریب کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ بلوچستان کے لیے ایک قابلِ فخر دن ہے اور آئندہ سال 9 اور 10 مئی کو ”بیان المرصوص“اور ”معرکہ حق“ کے عنوان سے بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں خطاطی کو بھی نمایاں مقام حاصل ہوگا وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو عالمی برادری میں مزید عزت و وقار عطا فرمائے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں