شہید بینظیر بھٹو کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وزیر اعلیٰ بلوچستان

1

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق وزیراعظم پاکستان اور جمہوریت کی عالمی علامت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی بی شہید پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک درخشاں باب اور وفاقِ پاکستان کی مضبوطی، جمہوریت، عوامی حقوق اور قومی یکجہتی کی دائمی علامت تھیں
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری سیاسی زندگی عوام کی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ، آئین کی بالادستی اور وفاقی اکائیوں کے استحکام کے لیے وقف کیے رکھی۔ وہ چاروں صوبوں کو ایک مضبوط رشتے میں پروئے رکھنے والی قومی رہنما تھیں جنہوں نے پاکستان کو ایک متحد، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے بے مثال کردار ادا کیا میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں بلکہ وہ محروم طبقات، خواتین، نوجوانوں اور کمزور طبقات کی امید اور آواز بھی تھیں۔
انہوں نے سیاست کو عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا اور ایک ایسے پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے کی جدوجہد کی جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق، عزت، انصاف اور ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی سیاسی بصیرت، قائدانہ صلاحیتوں اور عوامی وابستگی کے ذریعے پاکستان کے جمہوری سفر میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات اور قربانیاں ملک میں جمہوری روایات، عوامی نمائندگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ایک عظیم قومی سانحہ تھی، تاہم ان کا نظریہ، سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کا جذبہ آج بھی زندہ ہے اور پاکستان کے کروڑوں عوام بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کی جدوجہد ہر اس شخص کے لیے حوصلے اور عزم کا سرچشمہ ہے جو جمہوریت، مساوات، رواداری اور انسانی حقوق پر یقین رکھتا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی امین ہے اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک میں جمہوری استحکام، سماجی انصاف، عوامی خوشحالی اور آئینی بالادستی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آج کے دن ہمیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار، وژن اور عوامی خدمت کے جذبے سے تجدیدِ عہد کرنا چاہیے تاکہ ایک جمہوری، ترقی یافتہ، پرامن اور عوام دوست پاکستان کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی شہید کی سیاسی بصیرت، عوامی خدمت اور قومی یکجہتی کے لیے ان کی کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں