حکومت بلوچستان شہدا کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی، وزیرا علیٰ

24

کوئٹہ :وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی جمعہ کے روز شہید ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کے ہاں گئے جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی اور شہید کے بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیراعلی نے شہید کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان نے شہید کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان شہدا کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالحکیم کاکڑ نے قانون کی بالادستی اور انصاف کے نظام کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا تاریخ میں انہیں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے اعلان کیا کہ شہید عبدالحکیم کاکڑ کے بچوں کی کفالت اور تعلیم کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی تاکہ ان کی تعلیم اور بہتر مستقبل متاثر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کی دیکھ بھال حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کے امن، ترقی اور ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن دشمن عناصر کو قانون کے مطابق اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا وزیراعلی بلوچستان نے مقامی اسپتال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور زیر علاج طبی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی وزیراعلی زخمی ایڈیشنل سیشن جج کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں