کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوراب اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث عناصر کی گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔وزیراعلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قوم کا فخر، بلوچستان میں امن و استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلی بلوچستان
31













