اسلام آباد/ کوئٹہ : پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو بھی جدید مواصلاتی سہولیات تک بہتر اور بلا تعطل رسائی حاصل ہونی چاہیے، تاکہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہری بھی ڈیجیٹل ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ نیٹ ورک کوریج اور انٹرنیٹ سروسز کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ٹیلی نار اور یوفون کے نائب صدر رضا ذوالفقار نقوی اور سہیل محمود سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس دوران بلوچستان میں موبائل نیٹ ورک کی کمزور کوریج، موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ سروسز سے متعلق درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں مواصلاتی سہولیات کی کمی اور اس کے باعث عوام کو پیش آنے والی مشکلات کو اجاگر کیا، جبکہ نیٹ ورک کوریج اور انٹرنیٹ سروسز کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر اس امر کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا کہ بلوچستان میں معیاری اور موثر مواصلاتی سہولیات کی فراہمی سے طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں، نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مواقع، کاروباری افراد کو تجارتی سرگرمیوں اور عام شہریوں کو روزمرہ رابطوں میں درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
نیٹ ورک کوریج اور انٹرنیٹ سروسز کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی
54










