تیل کی بلند قیمتوں کے باوجود معیشت 4 فیصد سے زیادہ ترقی کرے گی، وزیر خزانہ

44

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال ملکی معیشت کی شرح نمو 4 فیصد سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ حکومت کا 5 سے 6 سرکاری اداروں کی نجکاری کا منصوبہ ہے جس سے ایک ارب ڈالر سے زائد حاصل ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے غیرملکی خبررساں ادارے روئٹرز کو انٹرویو میں کہا کہ حکومت کے نجکاری پروگرام میں تقریباً 12 سرکاری ادارے شامل ہیں، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے۔ پی آئی اے کی نجکاری کے بعد مزید سرکاری اداروں کی نجکاری پر توجہ مرکوز ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف کے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات جاری ہیں، جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے سے تقریباً ایک ارب اکیس کروڑ ڈالر کی نئی مالی معاونت کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 10 ارب ڈالر کے ایکسچینج اسٹیبلائزیشن فنڈ پر مذاکرات جاری ہیں۔ مجوزہ امریکی مالی سہولت سے زرمبادلہ ذخائر مضبوط بنانے اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک رسائی میں مدد مل سکتی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں ایندھن کی مناسب مقدار دستیاب ہے اور قلت پیدا نہیں ہونے دی گئی۔

دوسری جانب بلوم برگ ٹی وی کو انٹرویو میں وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ قرض حکمت عملی کا مقصد عالمی سرمایہ منڈیوں تک رسائی بڑھانا اور بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا دباؤ کم کرنا ہے، معاشی استحکام کیلئے مہنگائی،زرمبادلہ ذخائر اور شرح پالیسی کو مناسب سطح پر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نےرواں سال اپریل میں 75 کروڑ ڈالر کےبانڈز نجی طور پر جاری کیے، کریڈٹ انہانسمنٹ کےذریعے چین کی پانڈا بانڈ مارکیٹ تک کامیاب رسائی حاصل کی۔ چین دوسری بڑی اورگہری بانڈ مارکیٹ،پانڈابانڈز کا اجرا پاکستان کیلئے اہم پیشرفت ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے تقریباً تین ہفتے قبل 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جاری کیے، پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کیلئے جاری کردہ حجم سے دوگنا ڈیمانڈ موصول ہوئی۔ یوروبانڈزکےاجرا میں ایشیا،مشرق وسطیٰ،یورپ اورامریکا کے سرمایہ کاروں نےحصہ لیا۔ روپے میں مالیت اور ڈالر میں ادائیگی والے بانڈز میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں