بلوچستان میں سیکیورٹی اور پولیسنگ کو جدید بنانے کے لیے کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ کا فیصلہ،بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، سرفراز بگٹی

53

بلوچستان میں سیکیورٹی اور پولیسنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوئٹہ گرین ڈیجیٹل کوریڈور کے تحت شہر میں 2,900 جدید کیمروں کی تنصیب کی جائے گی، جبکہ دہشت گردی کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بلوچستان پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت سیکیورٹی اور پولیسنگ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان نے اجلاس کو سیکیورٹی صورتحال اور پولیسنگ سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوئٹہ انٹیگریٹڈ سیکیورٹی پروجیکٹ کے تحت کوئیک رسپانس فورس کے نئے اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان پولیس میں اصلاحات اور محکمانہ خود احتسابی کا عمل جاری ہے اور غیر حاضری و غفلت پر 871 اہلکاروں کو برطرف کیا گیا ہے، جبکہ مختلف شخصیات کے ساتھ تعینات 1,005 پولیس اہلکاروں کی خدمات واپس محکمہ پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پولیس اہلکاروں کو دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری تربیت اور مطلوب وسائل فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو دہشت گردی کے خلاف میدان میں اتارا ہے تو مکمل سرپرستی بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی بہادر پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات پر قابو پاکر دستیاب وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے اس عام آدمی کے لیے کام کرنا ہے جو سردی میں ٹھٹھرتا اور گرمی میں جھلستا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں