سرفراز بگٹی کا سول سنڈیمن اسپتال کا دورہ، رکن صوبائی اسمبلی رحمت صالح بلوچ کی عیادت، سرکاری اسپتالوں میں علاج کے معیار میں بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

43

بلوچستان میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں اور عوام کے ساتھ اراکین اسمبلی بھی سرکاری اسپتالوں سے علاج کرانے لگے ہیں۔ سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال کوئٹہ کے شعبہ امراض قلب میں رکن صوبائی اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر صحت میر رحمت صالح بلوچ کی کامیاب اینجیو پلاسٹی کی گئی، جس کے بعد انہوں نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری طبی سہولیات کی دستیابی سے بلوچستان کے عوام کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی تکلیف اور اضافی اخراجات سے نجات مل رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ سول سنڈیمن پروانشنل اسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیر علاج رکن صوبائی اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ صحت کے شعبے میں اصلاحات کا مقصد بلوچستان کے عوام کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ کرنے سے نجات دلانا ہے، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی اور علاج کے معیار میں بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ بلوچستان کا ہر شہری اپنے صوبے میں بروقت اور معیاری علاج کی سہولت سے مستفید ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں