بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین ’’جناح پیپلز ٹرین‘‘ عوام کی خدمت کے لیے تیار ہے۔ جناح پیپلز ٹرین کے لیے 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ صرف 120 روز میں مکمل کرلیا گیا، جس پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ کچلاک سے سریاب تک جناح پیپلز ٹرین کے روٹ میں 7 اسٹیشن شامل ہیں، جن میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز اور سریاب اسٹیشن شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین منصوبے کی تکمیل پر اظہار مسرت کرتے ہوئے اسے عوام کے لیے جلد کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جناح پیپلز ٹرین کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کے لیے محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت فراہم کرے گی، جبکہ طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں سہولت ملے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق جناح پیپلز ٹرین عوام کو جدید اور باوقار سفری سہولت کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانا شروع ہوگئے ہیں، جبکہ جدید سفری سہولیات سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ جناح پیپلز ٹرین کوئٹہ اور گردونواح کے عوام کے لیے سفری سہولیات میں نمایاں بہتری لائے گی۔










