راولپنڈی / کوہاٹ/ہنگو /اسلام آباد (این این آئی)خیبرپختوںخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں آٹھ دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے دو افسران سمیت 6 جوان شہید ہوگئے جبکہ صدر مملکت آصف علی زر داری ، وزیر اعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن عزم استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔ اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)سے جاری بیان کے مطابق ہنگو میں 20 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سیکیورٹی فورسز نے موثرکارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنالخوارج کو ہلاک کردیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا اور اس دوران دستوں کی قیادت فرنٹ سے کرنے والے دو بہادر افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق اور 22سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر ،4جوان شہید شکیل احمد ،حمزہ شہید ،محمد عثمان شہید ،فوج کےساتھ جوان غلام سجاد شہید شامل ہیں
، یوں مجموعی طور پر 2 افسران سمیت 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور وفاقی ایپکس کمیٹی کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ملک میں غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ملک کے دفاع اور قوم کی حفاظت کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور سیکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی۔ دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صدرِ مملکت نے ہنگو میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔صدرِ مملکت نے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔صدرِ مملکت نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والوں کی بہادری اور جرات کو سراہا۔صدرِ مملکت نے شہدا کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کیا صدر نے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ صدر زر داری نے کہاکہ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتن الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراج تحسین پیش اور فتن الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیرازبابر اور 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا، شہدا نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور پوری قوم اپنے بہادرشہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اورشہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتن الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشن عزم استحکام کے تحت کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھی جائیں گی۔اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر سمیت 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ محسن نقوی نے کہاکہ کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کیا ۔شہدا نے بہادری سے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 8 خوارجیوں کو جہنم واصل کیا ۔ محسن نقوی نے کہاکہ شہدا ہمارے سروں کا تاج ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہاکہ قوم شہدا کی عظیم قربانیوں کا قرض کبھی بھی نہیں اتار سکتی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔
ہنگو، سکیورٹی فورسز کی کارروائی ، آٹھ دہشتگرد مارے گئے ، دو افسران اور چار جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر
49










