نوکریوں کی خرید و فروخت ثابت ہونے پر کوئی وزیر بچے گا نہ کوئی سیکرٹری،بلوچستان میں کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی، وزیر اعلیٰ نے افسران سے حلف لے لیا

68

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ روزِ اول سے ہمارا واضح موقف ہے کہ بلوچستان میں کوئی نوکری نہیں بکے گی۔ اصولی موقف پر کابینہ اراکین اور چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت ہونے دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں، سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے کسی نوجوان کی نوکری فروخت نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ جنگلات کی بھرتیوں میں بے ضابطگی کی شکایات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جس ڈیپارٹمنٹ میں بھی نوکریاں فروخت ہونے کے مصدقہ ثبوت ملے، اس محکمہ کا وزیر اور سیکرٹری نہیں رہیں گے۔ مصدقہ ثبوت اور غیر جانبدارانہ تحقیقات میں جرم ثابت ہوا تو ملوث کردار سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوکریوں کی خرید و فروخت کے معاملے میں کسی غلطی کی گنجائش نہیں اور اس پر کوئی معافی نہیں ہوگی۔

انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ اللہ کو حاضر و ناظر جان کر حلف اٹھائیں کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی نوکریاں فروخت نہیں ہونے دیں گے۔ ماتحت اہلکاروں اور ریکروٹمنٹ کمیٹیوں پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی بھی سطح پر کوئی بے ضابطگی قابلِ برداشت نہیں ہوگی۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوکریوں کی خرید و فروخت روکنے کے لیے ہر طرح کا دباؤ برداشت کریں گے، تاہم بلوچستان کے نوجوانوں کے حق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ افسران پر مکمل اعتماد ہے، وہ باصلاحیت ہیں اور بلوچستان کو درست سمت میں لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرٹوکریسی قائم کرکے ہی نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں