کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکریٹریز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام انتظامی سیکریٹریز سمیت ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی سطح پر انتظامی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں، دفاتر میں آفیسران و عملے کی حاضری کو یقینی بنانا، خالی آسامیوں اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام محکموں کی سرکاری گاڑیوں کی کنڈیم نیشن کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس موقع پر سرکاری گاڑیوں کی موجودہ حالت، ناقابلِ استعمال گاڑیوں کی نشاندہی اور انہیں قواعد و ضوابط کے مطابق کنڈیم یا نیلام کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں مختلف محکموں میں خالی آسامیوں کی تفصیلات، ترقی کے منتظر ملازمین اور ابتدائی بھرتیوں سے متعلق امور پر بھی غور کیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ خالی آسامیوں، ترقیوں اور بھرتیوں کے معاملات قواعد و ضوابط، میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق نمٹائے جائیں تاکہ محکموں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی
کہ اجلاس کے فیصلوں پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اپنے اٹیچڈ محکموں میں ملازمین کی بر وقت اور مستقل حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی سہولیات بروقت اور مؤثر انداز میں فراہم ہوں۔ حاضری کا ٹھوس نظام، ذمہ دارانہ نگرانی اور غیر حاضر ملازمین کے خلاف قانونی کاروائی سے سرکاری خدمات کی شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سیکرٹریز اپنے متعلقہ محکموں میں فوری طور پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر کرے۔ کیونکہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے تحت عوام کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے۔ اس تعیناتی سے نہ صرف درخواستوں کے بروقت ازالے میں مدد ملے گی بلکہ سرکاری امور میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے متعلقہ محکموں کے ویب سائٹس فعال کریں تاکہ عوام تک بروقت معلومات پہنچ سکیں۔ ویب سائٹ پر تازہ ترین خبریں، اعلانات اور خدمات کی تفصیلات باقاعدگی سے اپڈیٹ کرنے سے شفافیت بڑھے گی اور شہریوں کو ضروری معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔چیف سیکریٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی محکموں کی کارکردگی میں بہتری، انتظامی شفافیت، میرٹ پر بھرتیوں اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں گزشتہ اجلاس کے دوران جاری کیے گئے احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال بھی پیش کی گئی۔
میرٹ پر بھرتیاں اور بروقت حاضری یقینی بنائیں، چیف سیکرٹری بلوچستان
29











