سیکیورٹی فورسزکی آواران میں آپریشن، 4 خوارج مارے گئے،امن دشمن عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان

31

کوئٹہ:زیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آواران میں آپریشن ردّ الفتنہ 3 کے تحت سیکیورٹی فورسزکی جانب سے4 خوارج کا جہنم واصل ہونا دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاکہ مصدقہ اطلاعات پر کارروائی اور جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے،خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن کے دشمنوں کو مسترد اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر اہلکار ملک و قوم کے تحفظ کے لیے قابل فخر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں