بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے مالک ہیں،، صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،بلال خان کاکڑ

39

کوئٹہ: بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کے مالک ہیں، انہیں اپنی صلاحیتوں کو مثبت اور تعمیری انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں اور مستقبل کی بھاگ دوڑ انہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ماڈل یونائیٹڈ نیشن (BMUN) 2026 کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سیکرٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر، چیف ایگزیکٹو آفیسر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ قائم لاشاری سمیت دیگر معززین، منتظمین اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بلال خان کاکڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نوجوانوں کے حوالے سے ایک واضح وڑن رکھتے ہیں اور صوبائی حکومت نوجوانوں کو تعلیم، مہارت اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم اور عملی تجربات سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم یو این جیسے پروگرام نوجوانوں کو اپنی قائدانہ، تحقیقی اور ابلاغی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
تین روزہ کانفرنس کے دوران طلباء و طالبات نے مختلف سیشنز، ڈیبیٹس، مذاکرات اور مکالموں میں حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا کہ موجودہ دور میں طلباء و طالبات کے درمیان مذاکرات اور مکالمے کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ بلوچستان میں بھی ایسی سرگرمیوں کی ضرورت ہے، کیونکہ خیالات اور آئیڈیاز کا تبادلہ نوجوانوں کی فکری اور علمی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم یو این کے شرکاء نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان مستقبل کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بی ایم یو این نے تعلیم، مکالمے اور مذاکرات کو نوجوانوں کے لیے اپنی بات مؤثر انداز میں پیش کرنے کا ذریعہ بنایا، جو ایک خوش آئند اور قابلِ تحسین اقدام ہے۔ تین روزہ کانفرنس کا مقصد نوجوانوں کو عالمی امور، پالیسی سازی، مذاکرات اور فیصلہ سازی کے عمل سے روشناس کراتے ہوئے ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں اسناد اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔ مقررین نے بی ایم یو این کے منتظمین کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے تعلیمی اور فکری پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مستقبل کی قیادت کے لیے مزید مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں