سوراب میں بارود سے بھری گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکہ، 8دہشتگرد ہلاک، دھماکے کے نتیجے میں قریب موجود 3شہری بھی جاں بحق ہوگئے،فورسز نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کے بعد مزید مزید 10دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،آئی ایس پی آر

31

راولپنڈی:بلوچستان کے ضلع سوراب میں دہشتگردوں کی جانب سے بارود سے بھری گاڑی تیار کرنے کے دوران دھماکے اور بعد ازاں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 18دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ 3شہری جاں بحق اور 2سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 12اگست کو سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی جانب سے آئی ای ڈی سے لیس گاڑی کی تیاری کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 8دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے،گاڑی پھٹنے اور بعد ازاں ہونیوالے ایک اور دھماکے کے نتیجے میں قریب موجود 3شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔واقعے کے فوری بعد بلوچستان پولیس اور سکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچیں اور علاقے میں مشترکہ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا، اس دوران سکیورٹی فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا اور مزید 10دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے میں اب تک مجموعی طور پر 18دہشتگرد ہلاک کیے جاچکے ہیں، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کے 2 جوان بھی زخمی ہوئے،علاقے میں موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ انسداد دہشتگردی مہم عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں