کوئٹہ:جمعیت علماءاسلام بلوچستان کی صوبائی مجلس عمومی کا اہم اجلاس پشین میں منعقد صوبائی سیاسی، امن و امان اور تنظیمی صورتحال پر تفصیلی غور، پاک سعودی عرب و ترکیہ دفاعی تعاون کا خیرمقدم، اسلامی ممالک کے مزید اتحاد پر زور پشین: جمعیت علماء اسلام بلوچستان کی صوبائی مجلس عمومی کا ایک اہم اور اجلاس پشین میں صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کے زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں صوبے کے تمام اضلاع سے مجلس عمومی کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، ملکی و بین الاقوامی سیاسی حالات، عوام کو درپیش مسائل، تنظیمی امور اور جماعت کی آئندہ سیاسی حکمت عملی سمیت مختلف اہم معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں موجودہ ملکی و بین الاقوامی حالات کا گہرائی سے جائزہ لیتے ہوئے اراکین مجلس عمومی کی جانب سے مختلف اہم امور پر اپنی آراء، تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔ شرکاءنے اس امر پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی بصیرت، باہمی مشاورت، مضبوط تنظیم اور عوامی رابطے کو مزید مو¿ثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز پر تفصیلی غور کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کی بھرپور تائید و توثیق کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور مشترکہ دفاعی معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پیش رفت کا خیرمقدم کیا گیا۔
مجلس عمومی نے اسے مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون، اجتماعی سلامتی اور دفاعی یکجہتی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعاون اسلامی دنیا کے مشترکہ مفادات، امن و استحکام اور باہمی دفاعی قوت کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ مجلس عمومی نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مسلم دنیا کو موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکہ مفادات کے لیے متحد ہونا چاہیے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ دیگر اسلامی ممالک بھی باہمی دفاعی، معاشی، سیاسی اور سفارتی تعاون کے مو¿ثر نظام کا حصہ بنیں تاکہ امت مسلمہ اپنے مشترکہ مفادات، خودمختاری، سلامتی اور وقار کا مو¿ثر انداز میں دفاع کر سکے۔ اجلاس میں جمعیت علماءاسلام بلوچستان کے تنظیمی امور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال، مضبوط اور مربوط بنانے، اضلاع اور بنیادی یونٹس کے درمیان رابطہ مو¿ثر کرنے اور جماعتی سرگرمیوں کو نچلی سطح تک منظم انداز میں وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ صوبائی مجلس عمومی کے اجلاس سے قبل جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے تمام اضلاع کے امراء و نظماء کا دو روزہ نمائندہ اجلاس صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع کی زیرِ صدارت منعقد ہوا تھا، جس میں صوبے بھر کے اضلاع کی سیاسی، تنظیمی اور عوامی صورتحال پر سیر حاصل غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے تھے۔ دو روزہ امراء و نظماء کے اجلاس اور اس کے بعد صوبائی مجلس عمومی کے اجلاس کا انعقاد اس امر کا واضح مظہر ہے کہ جمعیت علماءاسلام بلوچستان موجودہ حالات کا گہرائی سے جائزہ لیتے ہوئے اپنے فیصلے وسیع تر مشاورت، اجتماعی رائے اور تنظیمی نظم و ضبط کی بنیاد پر کر رہی ہے۔ صوبائی مجلس عمومی کا یہ اجلاس موجودہ صوبائی سیاسی تناظر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جمعیت علماءاسلام بلوچستان آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار، صوبے کے امن و استحکام، عوام کے بنیادی حقوق اور قومی و ملی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد کو مزید منظم اور مو¿ثر انداز میں جاری رکھے گی۔
مسلم دنیا کو مشترکہ مفادات کیلئے متحدہ ہونا چاہیے ،مولانا عبدالواسع
23














