یومِ استحصالِ کشمیر کےموقع پرصدرمملکت،وزیراعظم شہبازشریف نےکشمیری عوام سےبھرپوریکجہتی کا اظہارکرتےہوئے بھارت سے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نےاپنے پیغام میں کہاکہ 5اگست کشمیری عوام کےساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کے اظہارکادن ہے،انہوں نےکشمیری عوام کی بہادری،استقامت اورحقِ خودارادیت کی جدوجہدکو خراجِ تحسین پیش کرتےہوئےکہا کہ 2019 میں بھارت کے اقدامات عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی تھے۔
صدرمملکت نےکہاکہ بھارت کےغیرقانونی اقدامات جموں وکشمیرکی متنازع حیثیت تبدیل نہیں کرسکتے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اورسفارتی حمایت جاری رکھے گا،جبکہ مسئلہ جموں و کشمیرکا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہبازشریف نےاپنےپیغام میں کہاکہ بھارت کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر میں اضافہ ہوا اور بنیادی آزادیوں کو محدود کیا گیا،بھارت مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر رہا ہے۔
وزیراعظم نےعالمی برادری پر زوردیا کہ وہ صرف تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے بلکہ تنازع کے منصفانہ اوردیرپا حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی یومِ استحصالِ کشمیر پر اپنے خصوصی پیغام میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدامات نے خطے میں امن کی امیدوں کو دھندلا دیا،
کشمیری عوام کو ان کے جائز حقِ خودارادیت سے محروم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے،پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا۔














