بغیر شناختی کارڈ اور غیر ملکی مسافروں کو ٹوڈی کار سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی

38

کوئٹہ:سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نعمت اللہ ترین نے کوئٹہ۔پشین روٹ پر چلنے والی ٹیکسی سروس کے خلاف کوئٹہ ٹیکسی اسٹینڈ پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غیرقانونی گاڑیوں، زائد کرایہ وصول کرنے، مقررہ چار کے بجائے چھ مسافر بٹھانے اور روڈ پرمٹ کے بغیر چلنے والی ٹیکسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ بلوچ، اسپیشل مجسٹریٹ اعجاز کھوسہ اور ایس پی ٹریفک سٹی شبانہ حبیب بھی سیکرٹری آر ٹی اے کے ہمراہ موجود تھے۔کارروائی کے دوران چار ٹیکسی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا جبکہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر دو ٹیکسی کمپنیوں کو سیل کر دیا گیا۔سیکرٹری آر ٹی اے نعمت اللہ ترین نے ٹیکسی سروس مالکان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تمام گاڑیاں فوری طور پر محکمہ ایکسائز میں کمرشلی طور پر رجسٹرڈ کرائیں، اس کے بعد آر ٹی اے سے روڈ پرمٹ حاصل کریں اور متعلقہ روٹس پر تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ٹیکسی سروس چلائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ ٹرانسپورٹ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ بلوچ نے ٹوڈی کار سروسز کے مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ بغیر قومی شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو ہرگز سفر نہ کرایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سروس مالکان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے مزید واضح کیا کہ بغیر شناختی دستاویزات رکھنے والے یا غیر ملکی مسافروں کو ٹوڈی کار سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں