کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دونوں ہاتھوں سے معذور مگر غیر معمولی عزم و حوصلے کے حامل ہونہار طالب علم رفیع اللہ سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں خصوصی ملاقات کی، جہاں انہوں نے طالب علم کے ڈاکٹر بننے کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ہر ممکن حکومتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے تعلیم اور علاج کے تمام ممکنہ اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔ملاقات کے دوران رفیع اللہ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو بتایا کہ وہ جسمانی معذوری کے باوجود ڈاکٹر بن کر معاشرے کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ان کے عزم، حوصلے اور خوداعتمادی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رفیع اللہ کی جدوجہد پوری قوم کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کا خواب اب حکومت بلوچستان کا عزم ہے۔
آپ کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی اور جہاں بھی علاج ممکن ہوا، حکومت آپ کا علاج بھی کرائے گی۔ آپ کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ نے ثابت کر دیا ہے کہ جسمانی معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، بلکہ عزم، محنت اور لگن انسان کو ہر منزل تک پہنچا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صلاحیت اور عزم رکھنے والے ہر نوجوان کی سرپرستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور ایسے باصلاحیت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رفیع اللہ کو تعلیم، علاج اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔ملاقات کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان باصلاحیت اور باہمت نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔
رفیع اللہ جیسے باہمت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں، حکومت تعلیم، علاج اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی: وزیراعلیٰ بلوچستان
35













