پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا،شہباز شریف سے چین کے سفیر کی ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

17

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں چین کے سفیر عزت مآب جیانگ زائی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناو¿ں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ جہت اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے رواں سال مئی میں اپنے دور ہ چین کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم فیصلوں اور معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ، افغانستان اور جنوبی ایشیا سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا آہنی بھائی” سمجھتا ہے اور پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں