کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی فی الحال کسی بھی اقدام سے گریز کرے، پیشرفت کیلئے چند روز کی مہلت دے: مولانا فضل الرحمان

34

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن فی الحال کسی بھی اگلےاقدام سے گریز کرے اور چند روز کی مہلت دے تاکہ کوئی پیش رفت ہوسکے۔

کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے نام اپنے پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ راولاکوٹ اور گردونواح میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی ایک ماہ سے دھرنا دیے ہوئے ہے، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی اپنے مطالبات کے لیے بیٹھی ہے اورحکومت سے مطالبات تسلیم کرنے کا مطالبہ کررہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس دوران کچھ ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے جس سے ماحول میں تلخی پیدا ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے دھرنے اور مطالبات کا پارلیمان میں تذکرہ ہوا، کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے مجھے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے کہا، ان کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔

امیر جے یو آئی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام آزاد جموں وکشمیرکے مولانا سعید یوسف خان میرے ساتھ رابطے میں رہے، راولاکوٹ کی قبائلی شخصیت کامران اعظم خان بھی میرے ساتھ رابطے میں رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اورکالعدم ایکشن کمیٹی سے بات چیت پر اگلے اقدامات کے اعلان سے گریز کیا، میری گفتگو بلاول بھٹو زرداری سے ہوئی، وہ مظفرآباد میں ہیں، ان سے ہفتہ دس دن پہلے ملاقات ہوئی تھی اسی تسلسل میں آج رابطہ ہوا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنی کاوشوں کا تذکرہ کیا اور حکومت سے بات چیت کا تذکرہ کیا، بلاول بھٹو زرداری بھی ابھی کسی نتیجے پر پہنچے نہیں ہیں، بلاول بھٹو مجھ سے یہی بات کہتے رہے کہ میں مسلسل کوشش میں ہوں، بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ خون خرابہ نہ ہو، فسادات نہ ہوں اور بات چیت سے مسئلے کا کوئی حل نکال سکیں، بلاول مسئلے کے حل کے لیے مصروف ہیں، انہیں حکومت سے بات کے لیے کچھ مہلت چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے ایک بار پھر اپیل کروں گا کہ وہ فی الحال کسی بھی اگلےاقدام سے گریز کریں اور چند روز مہلت دیں تاکہ کوئی پیش رفت ہوسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیش رفت ہوتی ہےاور مثبت پیش رفت ہوتی ہے، تو یہ پاکستان کے لیے بھی بہتر ہے، پیش رفت کشمیر کے لیے اور کشمیری اورپاکستانی عوام کے درمیان باہمی اعتماد کے لیے ازحد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں امید رکھوں گا کہ میری اپیل پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی مثبت جواب دے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں