کوئٹہ:گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پہلی انٹرپرہنورشپ وان ایٹ (Won-it) کا قیام ایک احسن اقدام ہے۔ وان ایٹ دراصل جدید ڈیجٹل تجارتی رجحانات سے ہم آہنگ ہونے، کاروبار کے نت نئے طریقے اختیار کرنے اور معاشی خودمختاری کو یقینی بنانے کیلئے ایک منفرد ڈیجیٹل انٹرپرینیورشپ پلیٹ فارم ہے۔ اس کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو نئے بزنس آئیڈیاز اور اسٹارٹ اپس کو ایک ایسا قومی پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ اپنے کاروباری خیالات پیش کریں، ماہرین سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کیلئے بزنس گرانٹس حاصل کر سکیں۔ اس ضمن میں چیئرمین وان ایٹ پرنس آغا عمر احمدزئی اور ان کی پوری ٹیم کی کوششیں خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بیوٹمز یونیورسٹی میں ڈیجیٹل انٹرپرہنورشپ وان ایٹ کے زیر اہتمام پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈیجیٹل انٹرپرہنورشپ پروگرام کے تمام فائنلسٹس نے ایک دلچسپ اور مسابقتی پچ شو میں اپنے کاروباری تصورات پیش کیے جن کو گورنر بلوچستان نے لائق تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبود آبادی پرنس آغا عمر احمدزئی، بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میروایس کاسی اور ادارہ وان ایٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر اجمل سمیت بیوٹمز یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ڈیجیٹل انٹرپرہنورشپ وان ایٹ کے قیام کا مقصد بلوچستان میں نئے تجارتی رحجانات اور انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا، نوجوانوں کے جدید کاروباری آئیڈیاز کو قومی سطح پر نمایاں کرنا، اسٹارٹ اپس کو سرمایہ، رہنمائی اور نیٹ ورکنگ کے مواقع فراہم کرنا اور معاشی خود انحصاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نئے رجحانات کو متعارف کرانے سے ہمیں بلوچستان کی مثبت، باصلاحیت اور ترقی پسند امیج دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ گورنر جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہمارے صوبے کے نوجوان پوشیدہ صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں ہے لہٰذا ضروری ہے کہ انہیں تمام ضروری مواقع اور سہولیات فراہم کیا جائیں۔ ڈیجیٹل انٹرپرہنورشپ کے قیام کے بعد اب باصلاحیت نوجوانوں کو چاہیے ہیں کہ وہ اپنی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے، انفرادی سطح پر اپنا کاروبار شروع کرنے اور معاشی طور پر خودمختار بننے کے مساوی مواقع بھرپور استفادہ کریں۔ اسطرح وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے قابل بن جائیں گے۔
وان ایٹ نوجوانوں کو کاروباری مواقع اور معاشی خودمختاری فراہم کرے گا، گورنر بلوچستان
26













