وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں سری لنکا کے وزیر داخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےنیویارک میں اقوام متحدہ کےہیڈکوارٹرز کے دورےکےموقع پر سری لنکا کے وزیرداخلہ آنند وجے پالا سے ملاقات کی،جس میں دو طرفہ سیکیورٹی تعاون کےمختلف امور پرتبادلہ خیال کیاگیا،ملاقات میں انسدادِ منشیات کےحوالے سےمؤثرکوآرڈینیشن بڑھانے اورپولیس ٹریننگ کےشعبےمیں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا، دونوں وزرائےداخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اورجعلی پاسپورٹ پرسفرکی روک تھام کے لیےتعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر طےپایا کہ دونوں ممالک کے امیگریشن اداروں کے سربراہان باقاعدہ رابطے میں رہیں گے تاکہ باہمی تعاون کو مؤثر بنایا جا سکے،ملاقات میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور ویزا سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔













