کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی وطن کی تاریخ کا روشن باب ہے، وزیراعلی بلوچستان

27

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کارگل معرکے کے عظیم ہیرو، کیپٹن کرنل شیر خان شہید، نشان حیدر کے 27ویں یوم شہادت پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن عزیز کے اس عظیم سپوت کی بے مثال جرات، شجاعت اور لازوال قربانی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک روشن اور ناقابل فراموش باب ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی ناموافق حالات میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے جس بہادری، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، وہ مادر وطن سے وفاداری، فرض شناسی اور ایثار کی اعلیٰ ترین مثال ہے۔ ان کی عظیم قربانی ہمیشہ قوم اور افواج پاکستان کے لیے مشعل راہ رہے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا مقدس فریضہ ہے اور ارض پاک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کی بدولت آج پاکستان امن، وقار اور خودمختاری کے ساتھ دنیا کے نقشے پر قائم ہے۔ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی رہے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی شہادت ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ آزادی اور خودمختاری کسی بھی قوم کو مفت حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے عظیم بیٹوں کا خون قربان ہوتا ہے۔ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے جذب حب الوطنی، جرات اور استقامت کا روشن استعارہ ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان اور صوبے کے عوام ملک کو درپیش ہر بیرونی اور اندرونی خطرے کے مقابلے میں اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں