کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ویمن انٹرپینورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 600 خواتین کی تربیت مکمل ہونا خوش آئند اور صوبے میں خواتین کی معاشی خودمختاری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ حکومت بلوچستان خواتین کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع فراہم کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروگرام کے تحت کاروبار شروع کرنے والی 100 خواتین کو مالی معاونت کی فراہمی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کی عملی تصویر ہے۔
حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کی باصلاحیت خواتین کو محض ہنر مند بنانے تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں اپنے کاروبار شروع کرنے اور باوقار معاشی زندگی گزارنے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں بلوچستان کی ہر بیٹی کے ہاتھ میں ہنر، علم اور روزگار ہو، بارود نہیں۔ ایک طرف حکومت خواتین کو تعلیم، ترقی، معاشی خودمختاری اور خوشحالی کے مواقع فراہم کررہی ہے، جبکہ دوسری جانب دہشت گرد عناصر بلوچ بچیوں کو خودکش بمبار بنا کر ایک لاحاصل جنگ اور تاریکی کی جانب دھکیل رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد عناصر ہماری بچیوں کے مستقبل کو تباہی اور تشدد سے جوڑنا چاہتے ہیں، جبکہ حکومت بلوچستان ان کے مستقبل کو تعلیم، ہنر، روزگار اور خوشحالی سے جوڑنے کے لیے کوشاں ہے۔ بلوچستان کی بیٹیوں کو انتہا پسندی اور تشدد کے بجائے تعلیم اور ترقی کا راستہ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے
انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اپنی بچیوں کا مستقبل تعلیم، ترقی اور خوشحالی میں دیکھنا چاہتے ہیں یا دہشت گردی اور تباہی میں۔ حکومت بلوچستان کا انتخاب واضح ہے۔ ہم اپنی بیٹیوں کے لیے ایک ایسا مستقبل چاہتے ہیں جہاں انہیں آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور اپنے خاندانوں کی معاشی بہتری میں کردار ادا کرنے کے بھرپور مواقع حاصل ہوں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری صرف خواتین کی ترقی کا معاملہ نہیں بلکہ مضبوط خاندان، مستحکم معاشرہ اور پائیدار معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ حکومت بلوچستان خواتین کی تربیت، مالی معاونت اور کاروباری مواقع کے ایسے پروگرامز کو مزید وسعت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور انہیں صرف مواقع اور وسائل کی ضرورت ہے۔ حکومت ان کی صلاحیتوں کو معاشی مواقع میں تبدیل کرنے اور انہیں باوقار و خودمختار زندگی فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔
دہشت گرد عناصر ہماری بچیوں کے مستقبل کو تباہی اور تشدد سے جوڑنا چاہتے ہیں، جبکہ حکومت بلوچستان ان کے مستقبل کو تعلیم، ہنر، روزگار اور خوشحالی سے جوڑنے کے لیے کوشاں ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
44










