امریکا نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے جدید بموں کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی۔
امریکی محکمہ خارجہ کےمطابق سعودی عرب کو جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز کی ممکنہ فروخت کی منظوری دی گئی ہے،جس کا مرکزی ٹھیکا بوئنگ کمپنی کو مل گیا ہے،اس کے علاوہ سعودی عرب کو 75 کروڑ ڈالر مالیت کے اےجی ٹی 1500 انجنوں کی فروخت کی بھی اجازت دی گئی ہے، جن کی فروخت کا مرکزی ٹھیکا ہنی ویل کمپنی کو دیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نےکہا کہ مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنےکی صلاحیت بہترہوگی، جبکہ اس کی تیاری،آپریشنل ضروریات پوری کرنےکی صلاحیت اور دفاعی تعاون میں بہتری آئے گی۔
دریں اثنا امریکا نے عمان اور عراق کے لیے بھی 2 مزید دفاعی سودوں کی منظوری دی ہے،امریکی محکمہ خارجہ کےمطابق عمان کو F-16 طیاروں کی دیکھ بھال اورمعاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 188 ملین ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے،عراق کو 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز بیچنےکی بھی منظوری دی گئی ہے۔










