معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند کے مطابق دہشت گردوں نے بھاگ میں پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا۔ تقریباً 40 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ لانچرز، مشین گنز، اسنائپرز اور دستی بموں سے حملہ کیا، تاہم دہشت گرد پولیس اسٹیشن بھاگ پر قبضہ کرنے اور اسلحہ چھیننے میں ناکام رہے۔
شاہد رند کے مطابق بھاگ پولیس نے تقریباً دو گھنٹے تک دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا۔ پولیس اسٹیشن کی مضبوط حفاظتی دیوار نے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ دہشت گرد نیشنل بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں کامیاب نہیں ہوسکے، جبکہ نیشنل بینک میں دہشت گردوں کی نصب کردہ آئی ای ڈی اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دی۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں تین شہری بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے حملے کے بعد بھاگ کے عوام نے پولیس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور پولیس کی بہادری کو سراہا۔ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھاگ پولیس نے ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردوں کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔










