مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،وزیراعظم

38

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عالمی معاہدوں پر ان کی روح اور الفاظ کے مطابق مکمل عمل ہوناضروری ہے، پانی خطے کی لائف لائن ہے، پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایس سی او سربراہان مملکت اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پانی کو سیاسی مقا صد یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا ناقابل قبول ہے، پانی ہمارے خطے کی زندگی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ جنوبی ایشیا پائیدارامن کے بغیر اپنی مکمل صلاحیت حاصل نہیں کرسکتا۔

شہبازشریف نے کہا کہ مکہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں، پاکستان کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے کا حامی ہے، پاکستان تنازعات کے پرامن حل اوربین الاقوامی قانون پریقین رکھتاہے، پاکستان پائیدار علاقائی امن کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط تک پہنچیں، مفاہمتی یادداشت خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم ہے، پاکستان نےعلاقائی بحران کےدوران امن کیلئے مؤثر کردار ادا کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری فلسطینیوں کےحق خودارادیت کا احترام کرے، غزہ اورمغربی کنارے میں انسانی المیہ ناقابل تصور مصائب کا باعث ہے، عالمی اداروں کو اعلانات کو عملی اقدامات میں بدلنا ہوگا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردی خطے کو درپیش سنگین ترین خطرات میں سے ایک ہے، پاکستان نےدہشتگردی کیخلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو150ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان ہوا۔ پاکستان پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے مگر دہشتگردوں کوافغان سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہیں کرنےدی جاسکتی۔

کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم عالمی امن و استحکام کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے، ایس سی او کے25 سال مکمل ہونا اہم سنگ میل ہے، ایس سی او مشترکہ چیلنجز سےنمٹنےکےاجتماعی عزم کی علامت ہے، پاکستان ایس سی او کا فعال اور ذمہ دار رکن ہے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عالمی منظرنامہ بڑھتی جغرافیائی کشیدگی سے دوچار ہے، حالیہ بحران نےمحفوظ توانائی راہداریوں کی اہمیت واضح کردی، علاقائی رابطہ کاری اب انتخاب نہیں بلکہ تزویراتی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں