پشین میں مزدوروں کا قتل انسانیت سوز واقعہ، دہشتگردوں کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے، نواب ثناء اللہ زہری

22

کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ضلع پشین میں بے گناہ مزدوروں کو فائرنگ کرکے نشانہ بنانے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں۔ سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ مزدور اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے اور دو وقت کی روٹی کمانے کے لیے تپتی دھوپ میں شاہراہوں کی تعمیر و توسیع جیسے مشکل کام انجام دیتے ہیں، ایسے محنت کشوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز عمل ہے انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں نے صرف پانچ مزدوروں کی جانیں نہیں لیں بلکہ پانچ ہنستے بستے خاندانوں کو اجاڑ دیا ہے
، جس کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ناگزیر ہے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنائاللہ خان زہری نے کہا کہ دہشتگرد بیرون ملک بیٹھے اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ایسے انسانیت سوز واقعات سے بھی گریز نہیں کر رہے، تاہم بلوچستان کے عوام دہشتگردی اور بدامنی کے سامنے جھکنے والے نہیں سابق وزیر اعلی نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ریاستی ادارے دہشتگرد عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں تاکہ بلوچستان کے شہری امن و سکون کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں