امیت شاہ کے الزامات مسترد، بھارت میں گرفتار افراد کو پاکستان سے نہیں جوڑا جاسکتا، ترجمان

44

پاکستان نے بھارت میں گرفتار افراد کو پاکستان سے جوڑنے کے بھارتی وزیرداخلہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے پروپیگنڈا قرار دے دیا۔

ترجمان دفترخارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات بے بنیاد اور پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم کا ایک اور مظاہرہ ہیں، بھارت اپنے داخلی سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت محدود سیاسی مفادات کیلئے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا رہا ہے، بھارت اندرونِ ملک اقلیتوں کو دبا رہا ہے، اختلافِ رائے کو خاموش کر رہا ہے، بھارت بیرونِ ملک دہشت گردی برآمد اور دہشت گردوں کی معاونت کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی سے نہیں ہٹاسکتے، بھارتی بے بنیادالزامات عالمی برادری کی توجہ بھارت کی بیرون ملک تخریبی سرگرمیوں سے نہیں ہٹاسکتے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان متعدد باربھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کےشواہد عالمی برادری کے سامنے رکھ چکا ہے، زیرحراست بھارتی بحریہ کے کمانڈر کلبھوشن یادھو پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی میں بھارت کے براہِ راست ملوث ہونے کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرے ، عالمی برادری بھارت کو خطے میں بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کیلئے جوابدہ ٹھہرائے۔

اس سے پہلے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جھوٹا الزام لگایا تھا کہ بھارتی سکیورٹی ایجنسیوں نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو دہشت گردی کے الزام میں گرفتار کیا ہے تاہم پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں