وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی مدد کرنے والے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان

39

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کی شکار لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کی بروقت مدد کرنے والے نوجوان عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے جذبۂ انسانیت، ہمت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں سے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اور مشکل گھڑی میں متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کے لیے فوری اقدام کرنے پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عبدالرازق خلجی نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مدد کی، ایسے باہمت، فرض شناس اور انسان دوست نوجوان معاشرے کے لیے قابلِ تقلید مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عبدالرازق خلجی جیسے نوجوانوں پر فخر ہے جو مشکل حالات میں اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں، نوجوان نسل کو بھی ایسے باہمت اور انسان دوست کرداروں سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ایسے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتی ہے جو انسانی جان بچانے اور مشکل میں مبتلا افراد کی مدد کے لیے بروقت اور مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائی کے لیے سرکاری ملازمت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری اور جذبۂ انسانیت معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔ اس موقع پر عبدالرازق خلجی اور ان کے بھائیوں نے بروقت بہتر علاج و معالجے کی فراہمی، حوصلہ افزائی، داد رسی اور سرکاری ملازمت کے اعلان پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ عزت ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے مشکل وقت میں متاثرہ افراد کی مدد اور بروقت داد رسی کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں