مستونگ میں بجلی کا بدترین بحران، عوام شدید اذیت میں ، عوام کا کیسکو حکام سے فوری نوٹس کا مطالبہ

49

مستونگ میں بجلی کا بدترین بحران، عوام شدید اذیت میں مبتلا

مستونگ؛ کیسکو کی جانب سے مستونگ کے عوام کے ساتھ بدترین سلوک، دن اور رات کے اوقات میں صرف تین، تین گھنٹے بجلی کی فراہمی نے معمولاتِ زندگی مفلوج کرکے رکھ دیئے۔

شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بجلی کی محدود فراہمی کے باعث ڈی ایچ کیو ہسپتال مستونگ سمیت سرکاری و نجی دفاتر، کاروباری مراکز، تعلیمی اداروں اور گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

ہسپتال میں بجلی کی عدم دستیابی سے مریضوں کو ایکسرے، لیبارٹری ڈینٹل سمیت مختلف شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ دفاتر میں دفتری امور اور عوامی خدمات کا نظام شدید متاثر ہوچکا ہے۔ دوسری جانب کاروباری طبقہ بھی مسلسل بجلی کی بندش کے باعث بھاری نقصان برداشت کر رہا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مستونگ لاوارث علاقہ بن گیا ہے، کیسکو کو عوام کے بنیادی حقِ بجلی کے ساتھ اس قدر سنگین غفلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ اگر بجلی کی فراہمی کا یہی سلسلہ جاری رہا تو صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔

مستونگ کے عوام کا کیسکو حکام، چیف کیسکو، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندگان سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور غیر اعلانیہ بندش کا نوٹس لیا جائے، بصورت دیگر عوام اپنے بنیادی حق کے حصول کے لیے سخت احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں