جشن آزادی قربانیوں کی یاد اور قومی یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

32

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جشن آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم، بالخصوص اہل بلوچستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دیں۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے ایک آزاد ریاست کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا، آج ہم انہی عظیم قربانیوں کی بدولت آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اہل بلوچستان ہر سال جشن آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں اور رواں سال بھی پورے صوبے میں یوم آزادی کی تقریبات بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منعقد کی گئیں۔ یہ دن ہمیں اپنے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وہ وطن عزیز کے ان تمام عظیم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہداءکے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا بچہ بچہ شہداءکی عظیم قربانیوں اور ان کے مقدس خون کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قوم اپنے شہداءاور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے نوجوانوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور پاکستان کی ترقی سے وابستہ ہے۔ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار نوجوانوں کو گمراہ کرنے، ریاست سے دور کرنے اور غلط پروپیگنڈے کے ذریعے انہیں ایک لاحاصل راستے پر لے جانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ہمارے نوجوان ایسے منفی پروپیگنڈے کا حصہ بننے کے بجائے تعلیم اور ترقی کا راستہ اختیار کریں اور ملک و قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم، روزگار، میرٹ پر مبنی بھرتیوں، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں متعدد اصلاحات اور اقدامات شروع کیے ہیں۔ حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بلوچستان کے نوجوان بیٹے اور بیٹیاں دل کے بہت قریب ہیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔ میرٹ پر مبنی نظام اور اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اور نوجوانوں کا اعتماد نہ صرف حکومت بلکہ ریاستی اداروں پر بھی مزید مستحکم ہوگا وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائے۔ دہشت گردی کا بازار گرم کرنے اور بلوچ نوجوانوں کو ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلنے والے عناصر کا مقدر شکست ہے، جبکہ پاکستان کی دائمی فتح کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور پاکستان کی مضبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کے روشن مستقبل کے لیے متحد ہیں وزیراعلیٰ نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان حالیہ دفاعی معاہدے پر صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور قومی وقار کو مضبوط بنانے والے اقدامات کو اہل بلوچستان قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت، ترقی اور خوشحالی میں اضافہ ہر پاکستانی کے لیے باعث مسرت ہے اور بلوچستان کے عوام پاکستان کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھتا دیکھ کر خوشی محسوس کرتے ہیں میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے، ملک میں امن و استحکام، ترقی و خوشحالی عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ہر قسم کی مشکلات اور چیلنجز سے محفوظ رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں