کوئٹہ:گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ صوبے کی مجموعی شرحِ خواندگی میں %7 فیصد اضافہ اور سات لاکھ اڑسٹھ ہزار بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں واپس لانا محکمہ تعلیم بلوچستان کی ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے تعلیمی پروگرام کے تحت صوبیبھر میں دس دانش اسکولوں کے قیام سے تعلیمی انقلاب برپا ہو جائیگا جس سے بڑے پیمانے پر معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہو جائیگی۔ گورنر مندوخیل نے ہیلتھ کیئر اسکلز ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ والے ٹاپ ٹین لرنرز کی شاندار کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں پچاس پچاس ہزار روپے نقد رقم دینے کا اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت بلوچستان ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسکولز اور یونیسف کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری برکت رند، رکن صوبائی اسمبلی کلثوم نیاز، وائس بولان میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر لہڑی، سیکرٹری تعلیم لال جان جعفر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، یونیسیف سے سحرش ناگی, شازیہ، افتخار شاہ، نقیب اللہ خلجی اور نوراللہ وطن دوست موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ہیلتھ کیئر اسکلز ٹریننگ نمایاں کارکردگی پر، یونیسف، محکمہ تعلیم اور بولان میڈیکل یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مہارتوں کی ترقی (اسکلز ڈیولپمنٹ) وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز نے ہیلتھ اینڈ میڈیکل کے شعبوں میں مختلف ڈپلومہ پروگرامز متعارف کرائے ہیں جن کے نہایت حوصلہ افزا اور شاندار نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ میری خواہش اور بھرپور کوشش ہے کہ کوئٹہ شہر کے مضافات میں کچ روڈ کے قریب ایک ہزار بیڈز پر مشتمل جدید ہسپتال اور ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کی جائے جہاں نوجوانوں کو ہیلتھ کیئر، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں میں عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اسکلز ڈیولپمنٹ کو ہمارے تعلیمی نصاب کا باقاعدہ حصہ بنایا جانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل عملی صلاحیتوں اور جدید مہارتوں سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں مثر کردار ادا کر سکے۔ تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور وائس چانسلر ڈاکٹر شبیر لہڑی نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ہیلتھ کئیر سکلز ٹریننگ میں ٹاپ ٹین لرنرز میں سرٹیفکیٹ اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے گئے۔
شرحِ خواندگی میں 7 فیصد اضافہ، سات لاکھ اڑسٹھ ہزار بچوں کی اسکول واپسی بڑی کامیابی، 10 دانش اسکول تعلیمی انقلاب لائیں گے،گورنر بلوچستان
31














