منگوچر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ژوب سے تعلق رکھنے والی2 خواتین شہید، بچہ زخمی

31

قلات:ضلع قلات کے علاقے منگوچر کے قریب آر سی ڈی قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والی دوسری خاتون بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی جس کے بعد اس افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والی خواتین کی تعداد دو ہوگئی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں خواتین کی نعشیں آبائی علاقے ژوب روانہ کر دی گئی ہیں۔ شہداء کا تعلق ضلع ژوب کے گاؤں کلی اپوزئی، مندوخیل قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں آر سی ڈی قومی شاہراہ پر مسلح نقاب پوش افراد نے ناکہ بندی کر رکھی تھی اور گزرنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کر رہے تھے۔ اسی دوران ژوب سے کراچی علاج کی غرض سے جانے والی ایک فیلڈر گاڑی وہاں پہنچی۔ذرائع کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور نے مسلح افراد کو دیکھ کر کچھ فاصلے پر گاڑی روکنے کی کوشش کی
، تاہم نقاب پوش حملہ آوروں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو خواتین شدید زخمی ہوئیں جبکہ ایک معصوم بچہ بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔بعد ازاں زخمی خواتین میں سے دوسری خاتون بھی دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں، جس کے بعد شہید خواتین کی تعداد دو ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔خاندانی ذرائع کے مطابق دونوں شہداء کی میتیں جوائنٹ روڈ کے ذریعے ژوب روانہ کر دی گئی ہیں، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔ واقعے میں زخمی بچے کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا گھیراؤ کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں