بارش ،سیلابی ریلوں ،لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، 13جاں بحق

24

پشاور/لاہور/لیہ/ایبٹ آباد/سکردو/حسن ابدال/مردان:ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی موسلا دھاربارش ،سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچادی، جس کے باعث مختلف حادثات میں 2بچوں سمیت 13افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے،نگر میں چھلت کے علاقے بڈہ لس میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 4مزدور جاں بحق ہوگئے،لاہور میں کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہو گیا ۔ریسکیوکے مطابق مردان رستم کالو ڈھیری میں کمرے کی چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔ضلع خیبر میں ہونے والی موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے، جہاں مختلف واقعات میں 6افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے جبکہ شدید بارش کے باعث لنڈی کوتل اور گردونواح میں متعدد رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں اور کچے مکانات اور 10سے زائد گھروں کی چاردیواریاں بھی منہدم ہوگئیں۔خیبر میں تیز بارش کے باعث مختلف مقامات پر سیلابی ریلوں میں دو گاڑیاں بہہ گئیں
، سوار خواتین اور بچوں کو بچا لیا گیا جبکہ پولیس کے مطابق تین افراد لاپتہ ہیں۔پولیس کے مطابق علاقہ خوگہ خیل زکریا مسجد کے قریب بھی کار سیلابی ریلے کی نذر ہوئی، موٹر کار میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال دیا گیا ہے۔کشمیر کی وادی نیلم کے نواحی گاﺅں میں کلاﺅوڈ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جس سے مکانات سمیت متعدد دکانیں سیلاب کی زد میں آگئیں۔مینگل نالے کے قریب متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکل بہہ گئیں، نالے میں آنے والے سیلاب سے لوگوں کے مال مویشی بھی نالے میں بہہ گئے، مرکزی شاہراہ نیلم پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔مانسہرہ کے علاقے جبوڑی میں کلاﺅڈ برسٹ کے نتیجے میں متعدد ہوٹلوں اور رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ اچانک آنے والے سیلابی ریلوں نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دئیے۔ وادی کاغان، وادی سرن اور دیگر حساس علاقوں میں ندی نالوں اور دریاﺅں میں سیلاب کے خدشے کے پیش نظر سیاحوں کو دریائے کنہار اور دیگر آبی گزرگاہوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق نگر میں چھلت کے علاقے بڈہ لس میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 4مزدور جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق مزدور کام کر کے شام کو گھروں کو واپس جا رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈنگ ہوگئی اور ملبے تلے آگئے جس کے نتیجے میں 3مزدور زخمی جبکہ 4جاں بحق ہوئے ہیں۔مزدوروں میں ایک لیہ پنجاب کا تھا جس کی شناخت شفقت اور ایک چھلت رابٹ سے تھا جس کی فدا حسین کے نام سے ہوئی، جبکہ 2مزدروں کا تعلق کوہستان سے بتایا جارہا ہے، میتوں کو کوہستان و پنجاب منتقل کیا گیا ہے۔لاہور میں موسلا دھار بارش کے دوران دو مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات زخمی ہوگئے، ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق موسلا دھار بارش کے دوران لاہور میں دو حادثات رپورٹ ہوئے ۔ شادباغ کھوکھر روڈ پر کرنٹ لگنے سے بائیس سال کا عدنان جاں بحق ہوگیا ۔ دوسرا واقعہ نین سکھ کے علاقے میں پیش آیا جہاں گھر کی دیوار گرنے سے سات افراد زخمی ہوگئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں