مستونگ:بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد نے کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ کرکے 2 نوجوان کھلاڑیوں کو قتل کر دیااور فرار ہو گئے ۔ واقعے کے خلاف لواحقین اور مقامی افراد نے احتجاجا کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مستونگ کے علاقے شمس آباد کراس کے قریب واقع کرکٹ گراﺅنڈ میں پیش آیا جہاں کرکٹ میچ جاری تھا اسی دوران مسلح افراد نے فائرنگ کر کے 2کھلاڑیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے ۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق مسیحی برادری سے ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ واقعے کے خلاف مقتولین کے لواحقین اور مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ بلاک کر دی ہے جس کے باعث دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوﺅں سے تحقیقات جاری ہیں۔
مستونگ میں کرکٹ میچ کے دوران فائرنگ، دو کھلاڑی جاں بحق ،واقعہ کے خلاف کوئٹہ۔کراچی شاہراہ احتجاجا بند
40













