پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق محفوظ ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور سے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی ملاقات

37

اسلام آباد(روزنامہ تعمیر بلوچستان) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں
(UNAOC) کے خصوصی ایلچی برائے انسداد اسلاموفوبیا میگوئیل اینجل موراتینوس نے ملاقات کی، جس میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحانات، مذہبی عدم برداشت، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمے کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مذہبی رواداری، سماجی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور مختلف مذاہب و تہذیبوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے اتحاد برائے تہذیبوں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ پاکستان میں غیر مسلم شہریوں کو تعلیم، سرکاری ملازمتوں اور منتخب ایوانوں میں نمائندگی کے لیے آئینی بنیادوں پر کوٹہ دیا گیا ہے، جبکہ وزارت مذہبی امور کے بین المذاہب ہم آہنگی ونگ کے تحت اقلیتی عبادت گاہوں کی مرمت و بحالی، طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف اور فلاحی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور اقلیتوں کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 11 اگست کو مینارٹی ڈے منایا جاتا ہے، جبکہ تمام مذاہب کے نمائندہ رہنماؤں کی مشاورت سے بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی بھی منظور کرائی جا چکی ہے۔ سرکاری سرپرستی میں اقلیتوں کے مذہبی تہوار اور بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنسوں کا باقاعدگی سے انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا آئین، اسلامی تعلیمات اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح? کے فرمودات اقلیتوں کے حقوق کے مکمل تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔ انہوں نے بھارت میں غیر ہندو اقلیتوں کی ابتر صورتحال اور مذہبی آزادی پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی میگوئیل اینجل موراتینوس نے کہا کہ دنیا بھر میں مذہب اور تہذیب کی بنیاد پر نفرت، انتہا پسندی اور جنگی رجحانات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مسجد پر دہشت گرد حملہ اسلاموفوبیا کی بدترین مثال تھا، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ہدایت پر ستمبر 2019 سے دنیا بھر میں عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میگوئیل موراتینوس نے بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اس شعبے میں قابل قدر اور مثالی کام کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں