ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، عوامی خدمت اولین ترجیح، سرکاری افسران شہریوں کے مسائل فوری حل کریں، سرفراز بگٹی

47

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، تعمیراتی کاموں اور پیش رفت کا جائزہ، نو تعمیر شدہ سرکاری دفاتر کا افتتاح

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ان کی پیش رفت، تعمیراتی معیار اور عوامی افادیت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے نو تعمیر شدہ سرکاری دفاتر کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ نئے ضلع میں سرکاری دفاتر کا قیام عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیر اعلیٰ نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں، دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی یقینی بنائیں اور مقررہ وقت پر اپنی حاضری کو یقینی بناتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو سرکاری دفاتر میں اپنے مسائل کے حل کے لیے غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ افسران کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشینری عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک، مؤثر اور جواب دہ ہونی چاہیے، جبکہ نئے اضلاع میں سرکاری اداروں کو فعال بنانے اور انتظامی امور میں بہتری لانے کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور ناقص کام کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پانی کے ذخائر اور ڈیمز کی تعمیر انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تاہم ان منصوبوں کو پائیدار اور عوام کے لیے حقیقی معنوں میں مفید بنانے کے لیے تعمیراتی معیار کو اولین اہمیت دینا ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے، عوامی وسائل کا درست استعمال کیا جائے اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی، سرکاری اداروں کی فعالیت اور ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ ہر انتظامی اور ترقیاتی فیصلے میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں