کوئٹہ(این این آئی) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس اور پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم احمد کھوسہ نے ملاقات کی جس میں صوبے میں انفراسٹرکچر کی ترقی، تعمیراتی منصوبوں کی موثر منصوبہ بندی اور دستیاب وسائل کے دانشمندانہ استعمال سے متعلق امور و معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مضبوط، پائیدار اور جدید انفراسٹرکچر کا کلیدی کردار ہے۔ سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی معیاری تعمیر نہ صرف عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرتی ہے بلکہ تجارتی سرگرمیوں، معاشی ترقی اور دور دراز علاقوں کو بڑے شہروں سے مربوط کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی کرتے وقت قلیل اور طویل المدتی ضروریات کو مدنظر رکھنا ناگزیر ہے تاکہ وقتی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ پائیدار ترقی کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ گورنر مندوخیل نے کہا کہ ہمیں منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار کی نگرانی، شفافیت اور دستیاب فنڈز کے موثر استعمال کو ترجیح دینی ہوگی۔ اگر ترقیاتی منصوبوں کو جامع منصوبہ بندی اور ترجیحات کے تعین کے تحت شروع کیا جائے تو نہ صرف قومی خزانے پر غیرضروری بوجھ کم ہوگا بلکہ بجٹ میں مختص خطیر رقوم کے ضیاع کو روکنے اور عوامی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں بھی مدد ملے گی۔ گورنر بلوچستان نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے انتخاب میں عوامی ضروریات، معاشی افادیت، تعمیراتی پائیداری اور طویل المدتی فوائد کو بنیادی اہمیت دی جائے تاکہ منصوبوں کی تکمیل کے بعد ان کی دیکھ بھال کے لیے بھی مناسب انتظامات ہو سکیں اور قومی وسائل سے تعمیر ہونے والے اثاثوں کو دیرپا بنایا جا سکے۔
ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مضبوط، پائیدار اور جدید انفراسٹرکچر کا کلیدی کردار ہے،گورنر بلوچستان
37










