کوئٹہ:سابق نگران صوبائی وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی نے کہا ہے کہ حکومت سیکورٹی فورسز اور مقتدر قوتیں زمینداروں سمیت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بناکر انہیں درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلارہی ہے امن وامان کی بحالی اور روز مرہ کے امور میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے مثبت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اہلیان اسپلنجی مرو کے معتبرین میر قیوم بنگلزئی، چیئرمین یونین کونسل ناظم میر حیدر سمیت علاقے کے معززین کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہی اس موقع پر سینئر بیورو کریٹ نور احمد پرکانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ آغا عمر بنگلزئی نے کہا کہ بلوچستان قبائلی صوبہ ہے یہاں پر بسنے والے تمام قبائل قابل احترام ہیں ہم سب کو اپنے لوگوں کی مشکلات کا ادراک رکھتے ہوئے انہیں دور کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے
کیونکہ حالات کی سنگینی کی وجہ سے اسپلنجی مرو سمیت دیگر علاقوں میں بھی جو صورتحال ہے اس سے زمینداروں ، علاقہ مکینوں کے علاوہ وہاں پر روزگار کے لئے کام کرنے والوں کو درپیش مشکلات کے حل کیلئے ارباب اختیار اور حکومت سمیت مقتدر حلقے اپنا کردار ادا کررہے ہیں تاکہ زمینداروں اور علاقہ مکینوں کو جو مشکلات ہیں وہ دور ہوسکے انہوں نے کہا کہ میں نے علاقے کے لوگوں اور زمینداروں کی مشکلات کے حوالے سے حکام بالا کو آگاہ کردیا ہے اور اس حوالے سے علاقہ مکین اسٹیبلشمنٹ ، حکومت اور ریاستی ادارے ایک پیج پر متحد ہوکر اقدامات اٹھارہے ہیں اور سنجیدگی سے ان مسائل کے حل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ اس موقع پر اہلیان اسپلنجی مرو نے آغا عمر بنگلزئی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہماری آواز حکام بالا تک پہنچا کر مسائل کے حل کو یقینی بنانے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
حکومت و فورسز عوام کو درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلارہی ہے،آغا عمر بنگلزئی
33










