بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، میجر وجاہت وحید شہید کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، مینا مجید بلوچ

49

کوئٹہ:صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے قلات اور گوادر میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے چار بین الاقوامی اسپانسرڈ خوارج کی ہلاکت پر فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی شدید تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں اور غیر ملکی آقاوں کی شہ پر انارکی پھیلانے والوں کا گھیراو تنگ ہوچکا ہے اور ہماری افواج دشمن کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے رہی ہیں۔صوبائی مشیر مینا مجید بلوچ نے شادی کور پسنی میں آئی ای ڈی دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر وجاہت وحید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر وجاہت شہید نے پاک دھرتی کی تحفظ اور ہماری امن و سکون کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے عظیم مثال قائم کی ہے۔صوبائی مشیر محترمہ مینا مجید بلوچ نے شہید کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداءکا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور ’عزمِ استحکام‘ کے تحت بلوچستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک سیکیورٹی فورسز اور عوام کا مشترکہ عزم اور جدوجہد بلا تاخیر جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں